ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’پدماوتی‘تنازعہ:دیپکا کی حمایت میں کپل شرما، کہاان کو دھمکی دینا ٹھیک نہیں

’پدماوتی‘تنازعہ:دیپکا کی حمایت میں کپل شرما، کہاان کو دھمکی دینا ٹھیک نہیں

Mon, 27 Nov 2017 23:47:05    S.O. News Service

نئی دہلی،27؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) فلم’پدماوتی‘کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان کامیڈین کپل شرما نے دیپکا پدکون کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ احتجاج کے نام پر تشدد کرنا غلط ہے۔دیپکا کو دھمکی دیے جانے کے معاملے پر کپل کا کہنا ہے کہ یہ بالکل غلط ہے۔غور طلب ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت میں بنی فلم ’پدماوتی‘کا کرنی سینا سمیت کئی راجپوت تنظیمیں مخالفت کر رہی ہیں اور حقائق کو فلم میں توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے ریلیز کے خلاف ہیں۔حال ہی میں ہریانہ کے ایک بی جے پی لیڈر نے اعلان کیا تھا کہ بھنسالی اور فلم میں اعلیٰ کردار ادا کر رہیں دیپکا کا سر کاٹ کر لانے والے کو 10 کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔پارٹی نے انہیں وجہ بتاو نوٹس تھمایا ہے۔36 سالہ کپل اپنی آنے والی فلم ’فرنگی‘کی تشہیر کرنے راجدھانی دہلی میں تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور لوگ اپنی بات رکھ سکتے ہیں لیکن دھمکی نہیں دے سکتے۔کپل نے کہاکہ ایک طرف آپ کہتے ہیں کہ دیپکا قومی وقار ہیں۔آپ خاتون کو بااختیار بنانے کی بات کرتے ہیں۔مجھے لگتا ہے کہ سب کو لگنا چاہئے کہ یہ دھمکیاں غلط ہیں۔’پدماوتی‘کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھنے کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ معاملہ سینسر بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔حتمی فیصلہ سینسر بورڈ کو ہی لینا ہے۔اگر انہیں اس میں کچھ قابل اعتراض لگے گا تو انہیں اس کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہئے۔
 


Share: